Monday, November 18, 2024
خبریں

مشعل بردار ریلی جشن عید میلادالنبی ﷺ لاہور

آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن (رجسٹرڈ)پاکستان ،لاہور کے زیر اہتما م جشنِ عید میلاد النبی ﷺکے پر مسرت موقع پر 11ربیع الاول بروز جمعرات بعد از نمازِ مغرب مشعل بردار ریلی کاانعقاد کیا گیا ۔ریلی کا آغاز دربار حضرت صابر شاہ ولی ؒ واقع عقب لیڈی ولنگٹن ہسپتال سے ہوا اورمینار پاکستان ،کچا راوی روڈ،یاد گار چوک ،گول باغ،کریم پارک ،موہنی روڈ ،فرید چوک سے ہوتا ہوا دربار حضرت داتاگنج بخشؒ پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کے لئے خوبصورت بگھیوں کا انتطام کیا گیا تھا۔
ریلی کاآغاز جناب میاں ماجد حسین جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی لاہور نے آل فیتھ شعبہ خواتین کی صدر مس خالدہ ملک ،جناب شبیر احمد چیف چیف آرگنائز رکے ہمراہ کیا ۔اس موقع پر بینڈ باجے نے خوبصورت نعت شاہِ مدینہ کی دھن سے عید کا سماں پیدا کر دیا اور شرکاء میں دیدنی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ریلی میں سب سے آگے آل فیتھ سپریچوئیل آرگنائزیشن (رجسٹرڈ)پاکستان کا خوبصورت فلیکس ،اس کے پیچھے بینڈ،اسکے پیچھے مشعل بردار اور آخر میں بگھیوں پر سورار خواتین نے انتہائی نظم و ضبظ کے ساتھ ریلی میں شرکت کی ۔کسی مقام پر بھی بد نظمی یا افرا تفری نظر نہیں آئی جو اس بات کی دلیل ہے کہ حضور پاک ﷺکے میلاد کی خوشیاں منانے والوں پر حضور پاک ﷺکی خصوصی نظر کرم ہوتی ہے اور وہ اپنے انداز سے کوئی بھی ایسی حرکت نہیں کرتے جوحضرت محمد ﷺکی آمد کی خوشی منانے والوں کے لیے نقطہ اعتراض کا باعث بنے۔
ریلی کا گول باغ میں واقع رہائش گاہ جناب چوہدری اصغر صاحب مرکزی رہنما تحریک انصاف اور ان کے اہلِ خانہ کی طرف سے زبردست استقبال کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے پورے بازار کوخوبصورت لائٹنگ سے آراستہ کیا ہوا تھااور ریلی کو ویلکم کرنے کے لیے بینڈ کابھی انتظام کیا جس نے ایک مرتبہ پھر خوبصورت نعتیہ دھنوں سے ماحول میں جوش و خروش پیدا کردیا ۔ریلی کے شرکاء پر پندرہ منٹ تک مسلسل گل پاشی کی گئی جس سے ہر طرف پھول ہی پھول نظر آنے لگے ۔حاضرین کی تواضع مشروبات سے کی گئی ۔اسکے بعد آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا ۔چیف آرگنائزر شبیر احمد نے اپنے مختصر سے خطاب میں فرمایا کہ عشقِ مصطفی ﷺکی حقیقی لذتیں دلوں کی صفائی کے ذریعے ہی حاصل ہوتی ہیں اور مرشد کریم حضرت سیّد نا ریاض احمد گوھر شاھی مد ظلہ العالی کے جاری فیضان سے جو لوگ اپنے دلوں میں ذکر اللہ کی شمع کو فروزاں کرنا چاہتے ہیں ۔وہ آل فیتھ کے دفتر واقع 13فین روڈ لاہور پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
اسکے بعد ریلی اپنے مقررہ راستے پر دوبارہ روانہ ہوئی اور دربار حضرت داتاگنج بخش ؒ پر دعائے خیر سے اختتام پذیر ہوئی جہاں پر بابارشید نتھلی والے نے مولا علیؓ کے نعروں سے ریلی کا اختتام کیا ۔ریلی میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور ریلی کے انتظامات کو سراہا ۔دوسرے شہروں سے جن افراد نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ان میں جناب اصغر علی سمندر ی ،جناب اللہ رکھا قصور اور سلیم طاہر فیصل آباد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نمایاں رہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *